کراچی (اے پی اے) ترکی کے رینٹل پاور پلانٹ ”کارکے“ نے سرمایہ کاری میں نقصان کے ازالے کیلئے عالمی ثالثی ادارے آئی سی ایس آئی ڈی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ملکی اخبارات میں شائع پاکستانی عوام کے نام پیغام کے مطابق کارکے کا کہنا ہے کہ اس نے عالمی مسابقتی بولی میں کامیابی کے ساتھ پاکستانی قوم اور حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے بھاری سرمایہ کاری کی۔ 330 میگاواٹ کے پاور شپس فراہم کر کے معاہدہ پورا کیا۔ کمرشل آپریشن معینہ مدت کے اندر شروع کر کے معاہدے کے تحت 232 کے بجائے 242 میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع کی۔ تمام ٹیسٹ اور آپریشنز عالمی شہرت یافتہ غیر جانبدار تھرڈ پارٹی انٹرنیشنل ایکسپرٹس کی موجودگی میں انجام دئیے گئے۔ تاہم پاکستانی حکام معاہدے میں شامل ذمہ داریاں پوری نہ کر سکے۔ حکومت پاکستان ادائیگیوں میں مسلسل ناکام رہی۔ کمپنی نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو کی تحقیقات میں سات ماہ بھرپور تعاون کیا۔ تاہم اب کارکے کے پاس بائی لیٹرل انویسٹمنٹ ٹریٹی کے تحت اپنے حقوق اور سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے، سرمایہ کاری کے تنازعات کے حل کے عالمی ادارے سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔