جوہربارو (نیوز ایجنسیاں) سلطان آف جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 5-1 سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 11 ویں منٹ میں محمد دلبر کے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی جو زیادہ دیر قائم نہ رہی، 28 ویں منٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے بلیک گاورز نے گول کرکے سکور برابر کر دیا، اس موقع پر بارش شروع ہوگئی اور میچ روک دیا گیا، تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو آسٹریلوی کھلاڑیوں نے انتہائی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 32 ویں منٹ میں گول کرکے سکور 2-1 کر دیا، دوسرے ہاف میں بھی آسٹریلوی کھلاڑی چھائے رہے اور انہوں نے مزید تین گول سکور کئے، جسٹن ڈگلس نے 52 ویں منٹ، ولیم گلیان نے 58 ویں منٹ اور ووتھرسپون نے 68 ویں منٹ میں گول سکور کیا، گرین شرٹس دوسرے ہاف میں کوئی گول سکور نہ کر سکے، اس طرح آسٹریلیا نے 5-1 سے فتح اپنے نام کی، آسٹریلیا کی یہ ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے۔ پاکستان نے اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف برابر کھیلا تھا پاکستان تیسرا میچ کل بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ بھارت اور جرمنی کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارت نے 3-1 سے کامیابی حاصل کی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے ہاف میں شاندار کھیل پیش کیا اور دو گول سکور کئے، دونوں گول مندیپ سنگھ نے کئے، پہلے ہاف میں جرمنی کی ٹیم کوئی گول سکور نہ کر سکی، دوسرے ہاف کے پانچویں منٹ میں جرمنی کی جانب سے الیگزینڈر سکولکوف نے گول کرکے برتری کو کم کیا، بھارت کی جانب سے اکاش دیپ سنگھ نے تیسرا گول سکور کیا، جرمنی کی ٹیم مقررہ وقت تک مزید کوئی گول سکور نہ کر سکی، اس طرح بھارت نے میچ ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا، بھارت کی یہ ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل بھارت نے آسٹریلیا کو 2-0 سے زیر کیا تھا، بھارتی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔