ہاکی فیڈریشن کی انضباطی کمیٹی نے محمد عرفان پر چھ ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی

Nov 13, 2012


لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی مرتکب محمد عرفان پر چھ ماہ کی پابندی سمیت ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ہے۔ ڈسپلنری کمیٹی نے محمد عرفان کو پابندی کے خلاف صدر پی ایچ ایف قاسم ضیاءکے سامنے اپیل کا بھی حق دیدیا ہے۔ فل بیک محمد عرفان کو پی ایچ ایف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول نے قومی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لئے لگے ممکنہ کیمپ سے نکال دیا تھا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے محمد عرفان کا معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کر دیا تھا جس کا گذشتہ روز لاہور میں اجلاس منعقد ہوا۔ کمیٹی کے سربراہ واسع جلیل اور رکن سعید خان نے محمد عرفان کا م¶قف سننے کے بعد اپنی سفارشات پی ایچ ایف کو بھجوا دیں جنہوں نے محمد عرفان پر چھ ماہ کی پابندی سمیت ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا انہیں سنا دیا۔ کمیٹی کے سربراہ واسع جلیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایچ ایف نے ضابطہ اخلاق پر سمجھونا نہ کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے لہٰذا کسی بھی کھلاڑی یا آفیشل کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ پی ایچ ایف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو کر ملک کی بدنامی کا باعث بنے۔ پابندی کے شکار محمد عرفان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے عائد پابندی کے خلاف وہ اپیل ضرور کرینگے۔ مجھے پوری امید ہے کہ فیڈریشن میرے ساتھ نرم رویہ برتتے ہوئے مجھے معاف کر دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یقین دہانی کراتا ہوں کہ مستقبل میں پی ایچ ایف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کرونگا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی غلطی پر شرمندہ ہوں۔

مزیدخبریں