لاہور(نیوزرپورٹر)وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی پر کنٹرول کے بعد وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں دیگر بیماریوں پر قابو پانے اور خصوصاً بچوں میں شرح اموات کو کم کرنے کے لئے مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ڈویژن ، ضلع اور تحصیل کی سطح پر بچوں کے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کے اہداف کے حصول کے لئے سخت مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس کی پالیسی اپنائی جائے گی ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ورلڈ نمونیہ ڈے اور پنجاب میں نمونیہ کی روک تھام کے لئے نیمو کوکل ویکسئین کو بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے کورس میں شامل کرنے کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر نثار چیمہ نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبہ کی ترقی اور بیماریوں کی روک تھام کے سلسلہ میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور بچوں کے امراض کی روک تھام حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اعلی سطح پر پولیٹیکل کمٹمنٹ کی بدولت ہی ڈینگی کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کا چرچا عالمی سطح پر ہو رہا ہے ۔ ڈاکٹر تنویر حسین نے کہا کہ حکومت نے بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے کورس میں نمونیہ کی روک تھام کے لئے نیمو کوکل ویکسئین شامل کردی ہے اور اب 10 امراض کے خلاف بچوں کو حفاظتی شیلڈ فراہم کر دی گئی ہے۔ یونیسف کے صوبائی کوارڈینیٹر ڈاکٹر مشتاق رانا نے کہا کہ ایسے ملک میںجہاں سالانہ 30 ہزار بچے نمونیہ سے ہلاک ہوتے ہیں ، حکومت کی جانب سے نمونیہ سے بچا¶ کی ویکسین متعارف کرانا انتہائی اہم اقدام ہے۔ماہر اطفال پروفیسر طارق اقبال بھٹہ نے کہا کہ غذائی کمی ، ماں کا دودھ نہ پینے والے بچے اور ماحولیاتی آلودگی کا شکار بچے نمونیہ جیسے مہلک مرض کا آسان نشانہ بنتے ہیں۔