لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے اتحاد امت وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے مذہب کی بنیاد پر دہشتگردی قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کراچی میں دینی مدرسہ پر ہونیوالی المناک دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال محرم الحرام جیسے حرمت والے مہینے میں جان بوجھ کر فرقہ پرستی کو ہوا دی جاتی ہے اور اسلامی سال نو کا آغاز بد امنی کے ایسے واقعات سے کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر جماعت کے سیکرٹری اطلاعات مولانا شکیل الرحمن ناصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شر پسند قوتیں اسلام کے بڑھتے ہوئے رحجان سے گھبرا کر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ ان حالات میں امت مسلمہ کو متحد ہوکر ان اسلام دشمن قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا۔