لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کراچی اور بلوچستان میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہے، رحمن ملک کو ملالہ پر حملہ کرنے والے تو افغانستان میں بیٹھے نظر آتے جاتے ہیں لیکن کراچی میں معصوم شہریوں کا بیدردی سے شکار کرنے والے کیوں نظر نہیں آتے یا نظر آنے کے باوجود وہ ان پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتے ہیں ، جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں بھر پور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ۔ خود پیپلز پارٹی کے اتحادیوں نے کراچی کے شہریوں کو قتل و غارت گری کے تحفے دیئے ہوئے ہیں اور اسے آگ و خون میں نہلا دیا ہے۔روزانہ درجنوں افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن رہے ہیں مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے قاتلوں ، بھتہ خوروں کو جانتے پہچانتے ہوئے بھی ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاکہ مدرسہ احسن العلوم کے طلبا کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
حکومت کراچی میں ٹارگٹ کلنگ روکنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے: لیاقت بلوچ
Nov 13, 2012