لیہ کے علاقہ چک نمبر چارسواٹھانوے کی رہائشی تیس سالہ تسلیم بی بی صبح کھانا بنانے کچن میں گئی،
جہاں اس نے ماچس جلائی تو سلنڈر سے خارج ہونے والی گیس کے باعث دھماکہ ہوگیا۔ جس سے خاتون اور اسکے تین بچے چھ سالہ نورین، چار سالہ فروا اور دوسالہ طاہر شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے چوک اعظم ہسپتال لایا گیا جہاں تینوں بچے جاں بحق ہوگئے۔ شدید زخمی
ہونیوالی تسلیم بی بی کو نشترہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ادھر تسلیم بی بی کے بھائی ارشاد نے الزام عائد کیا ہے کہ اسکے بہنوئی ندیم نے بچوں اور اسکی بہن کو کچن میں بند کرکے آگ لگائی ہے۔ ارشاد کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا اور تسلیم بی بی کو تین مرتبہ پہلے بھی پنچائیت کے فیصلے پر اسکے خاوند کے ساتھ بھیجا گیا تھا۔