اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خالد محمود چوہدری کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے عہدیداران نے شرکت کی جس میں سی ڈی اے کی طرف سے اسلا م آباد کی مارکیٹوں میں پارکنگ فیس کے نام پر لگائے گئے ٹیکس کو متفقہ طور پر مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ موجودہ چیئرمین سی ڈی اے اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے حمزہ شفقات کوتاجر براری کو حکومت کے خلاف متنفرکرنے کی ساز ش کرنے پر فوری طور پر معطل کر کے شہر بدر کیا جائے۔؎ اجلاس سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر منور مغل، قائم مقام صدر خالد چوہدری، ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری اجمل بلوچ، جناح سپر کے صدر اعجاز عباسی، سپر مارکیٹ کے صدر سرفراز مغل، جی الیون مرکز کے صدر چوہدری وقاص گجر، جی نائن مرکز کے صدر اخلاق عباسی، جی نائن فور کے صدر حاجی نثار لنگاہ، آئی ایٹ مرکز کے صدر یاسر جمیل عباسی، آئی نائن مرکز کے صدر میاں خالد، جی ایٹ ون کے صدر چوہدری سعید، بلیو ایریا کے صدر ندیم منصور، میلوڈی مارکیٹ کے صدر سید عادل انیس اور سیکرٹری جنرل محبوب المکرم، آبپارہ مارکیٹ کے سیکرٹری جنرل شفیق عباسی، ہول سیل فروٹ مارکیٹ کے سیکرٹری جنرل طاہر ایوب سمیت متعدد تاجر رہنمائوں نے خطاب کیا اور اس بات کا عہد کیا کہ وہ کسی صورت میں بھی اسلام آباد کی مارکیٹوں میں پارکنگ فیس عائد نہیں ہونے دیں گے کیونکہ یہ فیصلہ بالکل غیر منصفانہ اور ناجائز ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ فیس کے عائد ہونے سے گاہگ مارکیٹوں کا رخ کرنا چھوڑ دیں گے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہت نقصان پہنچے گا۔تاجر راہنماؤں نے کہا کہ سی ڈی اے نے اس مسئلے پر تاجر برادری کو بالکل اعتماد میں نہیں لیا جو اس کی آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
اسلام آباد کی تاجر برادری نیا پارکنگ ٹیکس مسترد کرتی ہے : خالد چوہدری
Nov 13, 2013