والدہ علیل ہیں، پرویز مشرف ملنے کیلئے جانا چاہتے ہیں ۔ سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

Nov 13, 2013

کراچی (نوائے وقت نیوز + اے ایف پی) جنرل (ر) پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو 18نومبر کیلئے نوٹسز جاری کر دیئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف کی والدہ دبئی میں علیل ہیں، وہ ان سے ملنے کیلئے باہر جانا چاہتے ہیں۔ پرویز مشرف کی تمام مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے، ای سی ایل سے نام نکالا جائے۔ گزشتہ روز سابق صدر کی طرف سے درخواست وکیل اے کیو ہالیپوتا نے دائر کی اور انکے ملک سے باہر جانے کی اجازت طلب کی۔ سابق صدر کی بے نظیر قتل کیس، اکبر بگٹی کیس اور لال مسجد اور غازی عبدالرشید قتل کیس کے علاوہ ججز نظربندی کیس میں بھی ضمانت ہوچکی ہے۔ دریں اثنا آل پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان آسیہ اسحاق نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کیسز میں ضمانت کے باوجود نام ای سی ایل سے نہ نکالنا ناانصافی ہے۔

مزیدخبریں