کوچ واٹمور کا قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار

Nov 13, 2013

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے غیر ملکی کوچ ڈیو واٹمور نے کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس کا سلسلہ بدستور جاری رہنے کے بعد پی سی بی کے ساتھ اپنے مزید معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا ہے، ڈیو واٹمور کا کنٹریکٹ 28 فروری 2014ء کو اختتام پذیر ہو جائے گا جس کے بعد بورڈ قومی ٹیم کے نئے کوچ کی خدمات حاصل کرنے کے بارے میں اعلان کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ  کا پی سی بی کے ساتھ 28 فروری 2014 ء تک معاہدہ ہے اور وہ اس مدت تک قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق واٹمور ایک محنتی اور پروفیشنل کوچ ہیں  جن کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق ڈیو واٹمور کی بطور کوچ معاہدے کی مدت 28 فروری 2014 کو پوری ہو رہی ہے اور انہوں نے رواں ماہ بتا دیا تھا کہ وہ ذاتی مصروفیات کی بنا پر اس میں تجدید نہیں چاہتے لہٰذا  28 فروری کو اپنے عہدے کی معیاد پوری ہونے کے بعد یکم مارچ سے عہدے سے سبکدوش ہو جائینگے ۔ واضح رہے کہ مارچ 2012 میں کرکٹ ٹیم کے بطور ہیڈ کوچ 2 سال کے لئے منتخب ہونے والے ڈیو واٹمور کو حالیہ کچھ عرصے سے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ  ڈیو واٹمور2012  میں ہونے والے ایشیا کرکٹ کپ سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے منسلک ہیں۔

مزیدخبریں