ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی اے) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میں کسی فرد کے ساتھ نہیں، سچائی اور اصولوں کے ساتھ ہوں۔ ملتان میں ورکرز کنونشن سے ٹیلی فون خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر دھرنا کامیاب ہوا تو عبوری حکومت بنے گی یا اگلے سال مڈٹرم انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا مجھے اپنی پارٹی کو کامیاب کرانے کیلئے فرنٹ فٹ پر آنا ہو گا۔ میں اپنے مقدمات میں سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے آگے نہیں آ رہا لیکن جلد اہم فیصلے کروں گا۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے اس ملک کے ہر شعبے کو ترقی دی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس ہونیوالے عام انتخابات میں شدید دھاندلی کی گئی تھی اور آج حکومت کا کہیں بھی کوئی نظام نظر نہیں آتا جبکہ صوبے بے ترتیبی سے اپنے فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ اس نظام کے تحت ملک کا چلنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے اگر تبدیلی نہ آئی تو ملک کا مستقبل تاریک ہے، دہشت گردی ملکی معیشت کو شب و روز نقصان پہنچا رہی ہے اس لئے اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنی انتخابات میں حصہ لینے سے تاحیات نااہلی کو عدالت میں چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا۔