انتہا پسند یہودیوں نے مغربی کنارے میں مسجد نذر آتش کر دی، فلسطینیوں کا احتجاج، ہنگامے

Nov 13, 2014

مقبوضہ بیت المقدس (ثناء نیاز + اے ایف پی) انتہا پسند یہودیوں نے مغربی کنارے میں رملا کے قصبے میں ایک مسجد کو آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے مسجد کی پہلی منزل مکمل طور پر شہید ہوگئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے اور فلسطینیوں نے احتجاج کیا۔ علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ واقعہ المغیر میں پیش آیا جہاں یہودی انتہا پسندوں نے آتش گیر مادہ پھینک کر مسجد ’’قائم‘‘ کی پہلی منزل کو مکمل طور پر جلا ڈالا۔ آگ سے مسجد کی دیواریں اور قالین جل گئے اور قرآن پاک کے متعدد نسخے بھی شہید ہو گئے۔ واقعے کے خلاف فلسطینیوں نے احتجاج کیا۔ اس دوران یہودی انتہا پسند آباد کاروں اور فلسطینیوں میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ 2012ء میں بھی اس علاقے میں ایک مسجد کو آگ لگا دی گئی تھی۔

مزیدخبریں