لاہور (آئی این پی )جادوئی اداکار اور سحرانگیز لب و لہجے کے مالک دلیپ کمار کو چپ لگ گئی۔ مقامی اخبار کے مطابق گزشتہ ایک عرصہ سے دلیپ کمار بہت کم بولتے ہیں اور انہیں چپ لگ گئی ہے۔ دلیپ کمار کی اہلیہ اور ماضی کی نامور اداکارہ سائرہ بانو نے بتایاکہ ممبئی میں دلیپ کمار کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ بہترین انداز سے کیا جارہا ہے لیکن عمر کا تقاضا ہے جس کی وجہ سے ان کی سماجی اور ثقافتی سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں۔ سائرہ بانو نے کہا کہ ان کے گھر پالی ہل میں دلیپ کمار نماز مغرب ایک عرصہ سے باقاعدہ جماعت کے ساتھ ادا کرتے ہیں جس کے لئے امام ان کے ہاں تشریف لاتے ہیں، یہ سلسلہ 6دسمبر 1992سے چل رہا ہے یہ وہ دن تھا جب ایودھیا میں انتہاپسندوں نے بابری مسجد پر دھاوا بولا تھا جس کے دلیپ صاحب کے دل و دماغ پر گہرے اثرات مرتب ہوئے تھے اسی شام انہوں نے اپنے ملازمین اور مسلمان دوست احباب کو اپنے گھر میں نماز باجماعت ادا کرنے کی دعوت دی تھی۔ سائرہ بانو نے بتایاکہ دلیپ صاحب ان کے علاوہ اپنے قریبی رشتے داروں سے بھی بات چیت نہیں کرتے ان پر رقت کی کیفیت طاری رہتی ہے اور وہ تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد ”میرے اللہ“ اور ”اللہ جی“ کا ورد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوجاتے ہیں۔
دلیپ کمار
بابری مسجد حملے کے بعد دلیپ کمار کوچپ لگ گئی، ”میرے اللہ“ اور ”اللہ جی“ کا ورد کرتے آبدیدہ ہوجاتے ہیں: اہلیہ سائرہ بانو
Nov 13, 2014