جوڈیشل کمشن میں ایجنسیوں کی شمولیت جیسے عجیب و غریب مطالبے پہلے پورے ہوئے نہ ہونگے‘ عوامی مینڈیٹ کیخلاف زبردستی سے انتشار پھیلے گا : نوازشریف

لندن (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ یہ وقت نہیں کہ پاکستان کی تقدیر کے ساتھ کھیل کھیلا جائے اگر عوامی مینڈیٹ کے خلاف زور زبردستی کی گئی تو انتشار پیدا ہوگا اور ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ جوڈیشل کمشن میں ایجنسیوں کو شامل کرنے کا مطالبہ عجیب ہے‘ چیف جسٹس کو کمشن بنانے کیلئے خط لکھ چکا ہوں‘ بجلی کے مسئلے پر قابو پالیں گے۔ وہ لندن میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اگر منزل کی جانب چل رہا ہے تو سب کو ساتھ دینا چاہئے اور ملک کو پٹڑی سے نہیں اتارنا چاہئے، عوام نے الیکشن میں جو فیصلہ کیا اس کا احترام کیا جائے اور عوامی فیصلے پر اگر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو انتشار پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ چیف جسٹس کو کمشن بنانے کیلئے خط لکھ چکا ہوں، چیف جسٹس کی صوابدید ہے کہ وہ کس کو نامزد کرتے ہیں کمشن بنانا یا نہ بنانا چیف جسٹس کا کام ہے۔ حکومت چیف جسٹس کو ہدایات جاری نہیں کر سکتی جوڈیشل کمشن میں ایجنسیوں کو شامل کرنے کا مطالبہ عجیب و غریب ہے اور ایسے مطالبے نہ پہلے پورے ہوئے ہیں اور نہ آئندہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر میوزیکل چیئر چلتی رہی ہیں مگر اب ملک ایسی چیزوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، زور زبردستی کرنے سے انتشار پیدا ہوگا۔ وزیراعطم نے کہا کہ چینی حکومت کے ساتھ بجلی بحران کے خاتمے کئے متعدد منصوبوں پر معاہدے کئے، بجلی کا مسئلہ ہمارے دور میں ہی حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت‘ افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ دھرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ ہمارے دور میں موٹروے کیوں بنتی ہے، آپ کے دور میں کیوں نہیں بنتی۔ وزیراعظم آج لندن میں پاکستان برطانیہ توانائی مکالمہ اور سرمایہ کاری کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔کانفرنس میں توانائی کے شعبے کے اداروں کے سربراہان اور سرکردہ شخصیات شرکت کریں گی۔ قبل ازیں برلن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، کوئی قرضہ نہیں دے رہا۔ ہم خلوص کے ساتھ ملک کی خدمت کر رہے ہیں، پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کرکے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ ایک دن میں پاکستان کے مسائل حل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت نہیں کہ پاکستان کی تقدیر کے ساتھ کھیل کھیلا جائے۔ بجلی کا مسئلہ چند سال میں حل ہو جائے گا۔ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کا عزم رکھتا ہوں۔ چند ہفتوں میں کراچی لاہور موٹروے پر کام شروع ہو جائے گا۔ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائے تو ماحول پرسکون ہو جائے گا۔ ڈالر کی قیمت کو نیچے لانے کی کوشش کریں گے۔ نئے پاکستان کی جھلک پہلے خیبر پی پی کے میں نظر آنی چاہئے۔ نیا پاکستان پہلے خیبر پی کے میں بننا چاہئے۔ پاکستان میں دھرنوں کا تماشا لگا ہے۔ پاکستان اور چین میں معاہدوں سے اور قربت آئے گی۔ ہم کشمیر کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے کسی کو اٹھانے اور بٹھانے کا کھیل نہیں کھیلا۔ کچھ لوگوں کو ہماری کوششیں پسند نہیں آ رہیں۔ دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ دھرنے کی وجہ سے 4 صدور کے دورے منسوخ ہوئے۔ دھرنے پیچھے رہ گئے ملک آگے بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا فوجی اداروں کو سیاست نہیں کرنی چاہئے، جرمنی کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کی امید ہے۔ پاکستان میں بیروزگاری کے خاتمے پر منصوبے پر عمل کر رہے ہیں۔ ریڈیو پاکستان نے وزیراعظم کے دفتر کے حوالے سے بتایا کہ سرمایہ کاری کانفرنس میں توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور توانائی کی کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مہارت اور تجربات کے تبادلے کے ذریعے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کی مدد کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ اس کی توانائی کی ضروریات پوری ہوں۔ وزیراعظم پاکستان نے دعویٰ کیا کہ ملک میں پہلی بار پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ سطح پر کمی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں بے پناہ وسائل موجود ہیں اور حکومت لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کرے گی۔ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے بجائے مزید مشکلوں میں ڈالنے والے ملک کے خیرخواہ نہیں، 2018ءتک ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر دیں گے، مینڈیٹ کے باوجود بلوچستان میں ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیراعلیٰ بنایا، کے پی کے میں بھی حکومت بنا سکتے تھے لیکن وہاں ایسا کوئی کھیل نہیں کھیلا۔ نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کراچی میں آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور جرائم اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوئی ہے۔ چین سے ہونے والے معاہدوں کا بڑا حصہ کراچی میں لگے گا جبکہ گرین لائن منصوبے پر جلد کام شروع ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کا مسئلہ حل ہو جائے تو سرمایہ کار ملک میں آنے کو تیار ہیں، نوازشریف نے کہاکہ پاکستان نے توانائی کے شعبے میں اور سرمایہ کاری کے لئے چین کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔


ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...