لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدم فیصل صالح حیات نے پی ایف ایف الیکشن کے حوالے سے فیفا کی جانب سے ارشد خان لودھی کے نام لکھے گئے خط کو پی ایف ایف کے ساتھ منسلک کر کے میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اپنے سٹاف کو وارننگ دی ہے کہ مستقبل میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کے حوالے سے کوئی بھی خبر میڈیا میں دینے والے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف ایکشن کے حوالے سے معاملہ لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے ایسے میں پی ایف ایف الیکشن کے حوالے سے میڈیا میں کسی کو بیان دینے یا پریس ریلیز جاری کرنے کی کوئی اجازت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا ہے اور مستقبل میں بھی عدالتوں کا احترام ہم پر لازم ہے۔ پی ایف ایف الیکشن کے حوالے سے فیفا کی جانب سے جاری ہونے والے خط کے بعد میڈیا میں جاری کیے جانے والی پریس ریلیز کی تحقیقات کی جائیں گی کہ ایسا کس کے کہنے پر کیا گیا ذمہ دار کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
صدر پی ایف ایف نے سٹاف کو خبریں دینے سے روک دیا
Nov 13, 2015