پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کی تاریخ گزشتہ 5دہائیوں پر محیط ہے۔ پاکستانیوں کی کوششیں اور باہمی تعاون سے 1963ء میں مرشد بازار دیرہ دوبئی میں ان کی فلاح و بہبود کے لئے ایک مختصر سی جگہ ایسوسی ایشن کا دفتر قائم کیا گیا جونامساعد حالات میں پاکستانیوں کیلئے چھتری کا سایہ بنا رہا۔ 1971ء میں جب متحدہ امارات کا قیام عمل میں آیا تب نہر ہائی نس شیخ راشد المکتوم نے 1974ء میں بردبئی میں ایسوسی ایشن کے لئے ایک خطہ زمین بطور تحفہ دیا جس پر آج بھی پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی موجود ہے۔ 1974ء سے لے کر اب تک پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی نے بے شمار نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ بے شمار لوگوں نے رضاکارانہ طور پر پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کو اپنا وقت دیا اور دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی خدمت کرتے رہے۔ گزشتہ 5 دہائیوں کے دوران پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کو چلانے کیلئے متعدد لوگ بطور صدر اپنی ٹیم لے کر سامنے آئے،ہر آنے والے نے اپنی بساط کے مطابق اچھا ہی کام کیا تاکہ پاکستان کمیونٹی کے مسائل کم ہوں اور ضرورت مند پاکستانیوں کے کام ہوں۔ اپنی ان کوششوں میں یقیناً وہ لوگ کامیاب بھی رہے یہی وجہ ہے آج سے پچاس سال قبل بھی یہاں موجود پاکستانیوں کوآج بھی پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کا نام اور کام یاد ہے ان عمر رسیدہ افراد کو پاکستان ایسوسی ایشن کا نام اور کام ہے عوامی خدمت کے سلسلہ میں ایسوسی ایشن کا نام اچھارہا اور یہ پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کے لئے خراج تحسین ہے۔ ہر آنے والے نے اس کی بہتری اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کی خدمات سے فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے جوں جوں متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی تعداد بڑھتی گئی ، پاکستان کے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ ایسوسی ایشن کے وسائل اور مختصر عمارت بھی کم پڑتی گئی، زیادہ سے زیادہ لوگوں کی خدمت کے لئے ایسوسی ایشن کی عمارت اور وسائل میں اضافہ کے لئے غوروفکر اور عملی اقدامات کیے گئے۔ پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی بیرون ملک پاکتسانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے غیر منافع بخش سوشل اور کلچرل آرگنائزیشن ہے جسے بہت سے صاحب حیثیت پاکستانیوں کی سرپرستی حاصل ہے، جن کے تعاون سے اس کے معاملات چلتے ہیں، گزشتہ 5دہائیوں کے دوران متعدد نشیب وفراز سے گزرنے کے بعد آج پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی آن بان شان اور پہچان ہے اور امارات میں بسنے والے 15لاکھ سے زائد پاکستانیوں کے دل کی دھڑکن اور خوابوں کی تعبیر ہے، پاکستان ایسوسی ایشن کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح وبہبود، خدمت اور پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے تمام تہوار پورے جوش وخروش اور اہتمام سے منائے جاتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں میں غریب اور مستحق طلباء و طالبات کی فیس ادا کرنا صحت کے معاملات میں امداد کرنا، نادار مریضوں کے ہسپتالوں میں علاج کی ادائیگی، مجبور لوگوں کے مکانوں کے کرائے ، قانونی امداد کی فراہمی، جیلوں سے قیدیوں کی آزادی، ماہ رمضان میں فوڈ پیکیج کی فراہمی اور پاکستان میں قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں اور لوگوں کی بحالی کے کام شامل ہیں، پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کے پلیٹ فارم سے 2013-14 کے دوران 400 سے زائد طلباء وطالبات کی تعلیمی امداد 1.5 ملین درہم سے کی گئی، پوسٹ گریجوایٹ سٹوڈنٹس کے لئے سکالر شپ جاری کئے گئے۔ ایسوسی ایشن میں ٹیچرز ٹریننگ اور مزدور طبقہ کو انگریزی اور عربی بھی سکھائی جاتی ہے۔ مختلف قسم کے سیمینار منعقد کیے جاتے ہیں جبکہ سپورٹس کو فروغ دینے کے لئے کرکٹ اکیڈمی اور لان ٹینس کورٹ بھی میسر ہے جبکہ ان ڈور کھیلوں کے لئے ایک ہال بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔ حال ہی میں پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کی موجودہ انتظامیہ نے شب و روز محنت کے بعد عوام الناس کے تعاون سے 7.5 ملین درہم کی لاگت سے ایک عظیم الشان آڈیٹوریم تعمیر کیا ہے جس سے پاکستان ایسوسی ایشن کی شان میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس ہال کو ملٹی پرپز ضرورتوں کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ گزشتہ دنوں اس ہال کا افتتاح کیا گیا جس میں سفیر پاکستان آصف درانی، قونصل جنرل جاوید جلیل خٹک، ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ضیاء الحسن، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیصل اکرام، سابق صدر محمود ریاض فاروق ساہی اور پاکستانی کمیونٹی کے بے شمار لوگوں نے شرکت کی، اس موقع پر ہال کی تعمیر پر پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کی انتظامیہ کو مبارکباد دی گئی اور خراج تحسین پیش کیا گیا۔