حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت)مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف کا جانا ٹھہر گیا ہے چاہے وہ عدالتی فیصلے کے ذریعے جائیں یا عوامی پریشر سے ۔وہ پاکستان بیت المال ایمپلائیز ویلفیئر ایسو سی ایشن سندھ کے نو منتخب عہدیداران کی سندھ میوزیم حیدرآباد میں تقریب حلف برداری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے ایک سوال پر کہا کہ بلاول بھٹو کے چچا کہنے پر چوہدری نثار اتنے ناراض ہو رہے ہیں حالانکہ وہ اتنے کم عمر بھی نہیں کہ وہ اس سے چڑ جائیں، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو بچہ کہہ کر مخاطب کرنے والے نہ بھولیں کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے بھی اپنے سیاسی سفر کا آغاز کم عمری میں کیا تھا جو بعد میں عظیم لیڈرز بن کر ابھرے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک مچھر نے ن لیگ کی حکومت کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے، نئے گورنر سندھ سے متعلق سوال پر مشیر اطلاعات نے کہا کہ سعید الزماں صدیقی انتہائی محترم شخصیت ہیں مگر ایک بزرگ شخصیت کو گورنر سندھ بنا کر وفاقی حکومت کی جانب سے مذاق کیا گیا ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جانا ٹھہر گیا اب چاہے وہ عدلیہ کے فیصلے کے ذریعے جائیں یا عوامی پریشر سے کیونکہ پانامہ کا معاملہ ن لیگ کی حکومت کو نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ابھی تو صرف پنجاب جانے کا اعلان کیا ہے اور ابھی سے ن لیگ والوں کے پسینے نکل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی آج بھی پنجاب میں موجود ہے اور وہ دن دور نہیں جب پی پی پی الیکشن میں پنجاب سے بھی بھرپور کامیابی حاصل کریگی۔ تقریب سے خطاب میں مولا بخش چانڈیو نے بیت المال کے ملازمین سے کہا کہ وہ ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں اور غریب و حقدار لوگوں کو شفاف طریقے سے مالی مدد کرنے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بلا رنگ و نسل اور مذہب لوگوں کی خدمت کرنی چاہےے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اردو بولنے والے بھی سندھ کے بیٹے اور سندھی ہیں ۔انہوں نے اس موقع پر بیت المال سندھ کے ملازمین کے مسائل حل کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی، تقریب میں پی پی کے صغیر قریشی ، پاشا قاضی، اظہر سیال ، نجیب ابڑو ، انجینئر سکندر حیات اور دیگر بھی موجود تھے۔
مولا بخش چانڈیو
عدالتی فیصلہ ہو یا عوامی دباﺅ، نواز شریف کاجانا ٹھہر گیا ہے، مولا بخش چانڈیو
Nov 13, 2016