پی ایس ایل کمپنی کا قیام لینڈ مارک، فرنچائزز زیادہ پیسہ سپانسر کرینگی : سلمان سرور، شعیب نوید، علی ضیاء

Nov 13, 2016

لاہور (نمائندہ سپورٹس) پی ایس ایل کے سابق پراجیکٹ ہیڈ سلمان سرور بٹ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کمپنی کا قیام لینڈ مارک ہے ،اس پراجیکٹ کی ترقی سے پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت بہتری آئے گی اور دنیا بھر میں یہی ماڈل ہے لہٰذا ہمارے یہاں بھی اس پر عمل درآمد ضروری ہے، یہ اس قدر اچھا ماڈل ہے کہ کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں میں بھی اس کا اطلاق کرنا چاہیے۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں اظہار خیال کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ الگ کمپنی بنانے کے باوجود پی ایس ایل کے معاملات پی سی بی کی نگرانی میں ہی رہیں گے اور یہ بورڈ کی چھتری تلے ہی کام کرے گی۔ ہمارے تیار کردہ پلان کے مطابق پہلے دو ایڈیشن میں پانچ ٹیمیں ہی پی ایس ایل کا حصہ ہونگی فرنچائزز سے معاہدے کی رو سے پی سی بی تیسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم شامل کر سکتی ہے اور اس کے بعد ساتویں ٹیم شامل کی جا سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ آٹھ ٹیمیں شامل کی جاسکتی ہیں۔ اسلام آباد یونائٹڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شعیب نوید نے کہا کہ پی ایس ایل کے الگ کمپنی بننے سے فرنچائزز کو زیادہ اعتماد حاصل ہوگا اور وہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں زیادہ پیسہ سپانسر کریں گی۔ پی سی بی کے زیرسایہ رہنے سے مستقبل میں کئی طرح کے مسائل ہوسکتے ہیں جبکہ الگ ہونے کے باوجود چونکہ پی ایس ایل پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کو جواب دہ رہے گی اور پی سی بی کے تین نمائندے اس میں شامل ہونگے اس لیے اس بارے میں یہ تاثر غلط ہے کہ پی سی بی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ فرنچائزز کی طرف سے زیادہ پیسہ آنے سے فائدہ پاکستانی کرکٹرز کو ہوگا جنہیں زیادہ پیسے ملیں گے، وہ اس سے بہتر سہولتیں حاصل کرکے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں گے اور پاکستان کی ڈومیسٹک کا معیار بہتر ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر جنرل منیجر اکیڈمیزعلی ضیاء نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کو الگ کمپنی بنانے کے حوالے سے تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پاچکے ہیں اور اس کا دوسرا ایڈیشن پہلے سے بھی زیادہ کامیاب ہوگا۔ اس کے پہلے ایڈیشن میں حصہ لینے والے غیرملکی کھلاڑی اس کے سفیر بنے اور انھوں نے دنیا کو بتایا کہ پی ایس ایل دنیا کی کامیای اور شفاف لیگ ہے۔ ہمارا کریڈٹ یہ ہے کہ پی ایس ایل الحمدللہ کرپشن فری رہی ہے اور تمام کھلاڑیوں کو بروقت ادائیگیوں سے بھی ایک مثبت پیغام گیا ہے۔ اس بار فائنل کا انعقاد لاہور میں ہونے سے بہت بڑی کامیابی ملے گی۔ فرنچائزز کی طرف سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جانا بہت خوش آئند ہے۔ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ سپیڈ سپن اینڈ ہائٹ پروگرام کے تحت کئی باصلاحیت کھلاڑی ملے ہیں جو مستقبل میں ٹیم کا حصہ ہونگے۔

مزیدخبریں