کامونکے(نامہ نگار)تحصیل ہسپتال میں مبینہ طور پرڈاکٹر کی غفلت سے زائد المعیاد انجکشن لگنے کے باعث پچاس سالہ شخص ہلاک ہوگیا،ورثاء کے احتجاج پر ڈاکٹر اورڈسپنسر ڈیوٹی چھوڑ کر غائب ہو گئی،بتایا گیا ہے کہ گذشتہ رات منڈیالہ روڈ کے محمد بشیر کو پیٹ میں تکلیف ہونے پر ورثا تحصیل ہسپتال ایمرجنسی وارڈ لائے جہاں پر مبینہ طور پر ڈسپنسر کے سوئے ہونے پر ڈاکٹر اعجاز احمد نے وارڈ سرونٹ سے مریض کو انجکشن لگوا یا اور مریض انجکشن لگتے ہی دم توڑ گیااورچہرہ سُرخ ہوگیا،ڈاکٹر نے لواحقین کو مریض کو ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کرنے کی ہدائت کی ،اس دوران ہسپتال کے عملہ نے لواحقین کو بتادیا کہ مریض دم توڑ گیا ہے، لواحقین کے ہسپتال میں ہنگامہ پر وارڈ سرونٹ اور ڈاکٹر پولیس کو فون کرکے خود فرار ہوگئے،صدرپولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملات کو کنٹرول کیا اور نعش گھر روانہ کردی،متوفی کے ورثا ء اور ڈاکٹر نے ایک دوسرے کیخلاف مقدمہ درج کروانے کیلئے پولیس کودرخواستیںدائر کردی ہیں، ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ مریض ہسپتال آنے سے پہلے ہی فوت ہوچکا تھا، ایم ایس ڈاکٹر نیئررشید کا کہنا ہے کہ واقعہ کی انکوائری کی جائیگی ،ڈاکٹر قصور وار ہوا تو ضرور کارروائی ہوگی۔