کراچی(آئی این پی+ وقائع نگار)وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی اور وفاقی اردو یونیورسٹی سینٹ کے چیئرمین جاوید اشرف حسین نے ہفتہ کوسندھ کے گورنر جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد پیش کی، اس موقع پر گورنر سعید الزماں صدیقی نے کہا کہ وہ اپنے اوپر کئے گئے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کو شش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اردو کے فروغ نیز قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کی تعلیمات کو عام کرنے اور نئی نسل تک پہنچانے کیلئے منظم کو ششیں کی جانی چاہئے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں بطور گورنر سندھ بلا تفریق عوام کی خدمت کروں گا، اس ضمن میں عوامی فلاحی بہبود کے ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ دی جائیگی۔ دوسری طرف بیماری کے پیش نظر گورنر گورنر کی سرکاری مصروفیات کو انتہائی محدود رکھا جا رہا ہے اور تمام مصروفیات اور ملاقاتوں کا اختیار ملٹری سیکرٹری کو سونپ دیا گیا ہے جو حال ہی میں بریگیڈئر کے عہدے پر ترقی پاچکے ہیں۔ گورنر کی مصروفیات کی ویڈیو کوریج بھی کم سے کم کرادی گئی ہے۔ توقع ہے کہ گورنر سندھ پیر کو بانی پاکستان حضرت قائداعظمؒ کے مزارپر حاضری دینگے تاہم گورنر ہائوس کے عملے کو فکر لاحق ہے کہ اگر وزیراعظم نوازشریف نے کراچی کا دورہ کیا تو وہ انکا استقبال کرنے ائرپورٹ کیسے جائینگے۔ مختلف سفارتکاروں نے بھی گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی سے ملاقات کا وقت مانگا ہے لیکن فوری طور پر انکو ملاقات کا وقت دینے سے گریز کیا جا رہا ہے۔
بلاتفریق عوام کی خدمت کرونگا گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی عرفان صدیقی، جاوید اشرف حسن کی ملاقاتیں
Nov 13, 2016