پاکستان میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے پاور ٹرانسمیشن‘ ڈسٹری بیوشن سسٹم اپ گریڈ کرنا ضروری ہے : ورلڈ بینک

Nov 13, 2016

لاہور (کامرس رپورٹر) ورلڈ بینک نے کہا ہے پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی اَپ گریڈیشن ضروری ہے، صرف پیداوار بڑھانے سے لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوسکتی۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے بجلی کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتر کرنا لازمی ہے اور اگلے چار سال کے دوران ٹرانسمیشن لائنز کو ضرورت کے مطابق بہتر بنانے کیلئے 11 ارب ڈالر اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کیلئے 6 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جبکہ ٹرانسمیشن لائنز کیلئے اب تک صرف 3 ارب اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کیلئے صرف 2.7 ارب ڈالر ہی دستیاب ہوسکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار سال کے دوران پاکستان میں اوور لوڈ فیڈرز کی تعداد میں 57 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ 2010ءمیں 400 فیڈر اوور لوڈ تھے اب 600 سے زیادہ ہیں۔ اس عرصے میں بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے پیداواری منصوبوں پر تو تیزی سے کام جاری رہالیکن بجلی کا صارفین تک پہنچانے کیلئے سسٹم کی اپ گریڈیشن پر ضرورت کے مطابق سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔

مزیدخبریں