کراچی (نمائندہ نوائے وقت )کراچی میں تعینات برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر بلینڈا لوئس نے کہا کہ دنیا کو درپیش معاشرتی مسائل سے نبر دآزماہونے کے لئے مشترکہ کاوشیں وقت کی اہم ضرورت ہے۔مذکورہ ٹریننگ ورکشاپس کے انعقاد میں برٹش کونسل کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور میں جامعہ کراچی کی بھی مشکور ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی اور برٹش کونسل کے زیر اہتمام ایکٹو سیٹیزنز یونیورسٹی ماڈل ٹریننگ آف فیسیلیٹیٹرزپروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رئیس کلیہ نظمیات وانصرام پروفیسر ڈاکٹر خالدعراقی،چانسلر اقراءیونیورسٹی حنید لاکھانی اورنائب صدر اقراءیونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی بھی موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالدعراقی نے برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر کو جامعہ کراچی میں کوخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں برٹش کونسل کا کردار قابل قدر ہے ،معاشرے میں مثبت تبدیلی کے حصول کے لئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔ورکشاپ میں طلبہ کی جانب سے ان کے سوشل ایکشن پروجیکٹ کی نمائش بھی کی گئی جس میں برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر اور حنید لاکھانی کو طلبہ نے اپنے پروجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا جس کو انہوں نے بیحد سراہا۔