کراچی(وقائع نگار)سندھ ہائی کورٹ نے100 سے زائد بچوں کی سمگلنگ کیس میں وفاقی وزارت داخلہ کو ملزم ڈینئیل چارلس کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ کیس کی سماعت کے دوران عدالتی احکامات کے باوجود ملزم کو گرفتار نہ کرنے پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے اپنے ریماکس میں کہا کہ اگر ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری نہ کئے گئے تو وفاقی سیکرٹری داخلہ خود عدالت میں پیش ہونگے۔ سیکرٹری داخلہ کی عدم حاضری پر ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ بعدازاں عدالت نے ملزم کو بیرون ملک فرار ہونے میں مدد فراہم کرنے والے سب انسپکٹر غلام محمد کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج، محکمہ جاتی کارروائی کرنے اور ملزم ڈینئیل چارلس کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ملزم کو گلشن اقبال پولیس نے انسانی سمگلنگ کیس میں گرفتار کیا تھا جسے 2002 ء میں ایف آئی اے نے اپنی تحویل میں لیاتھا۔ بعد ازاں ملزم ضمانت حاصل کرنے کے بعد پولیس اور ایف آئی اے کی ملی بھگت سے بیرون ملک فرار ہوگیا۔