اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ ،جسٹس امیر ہانی مسلم،جسٹس شیخ عظمت سعیداور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کاپانچ رکنی لارجر بنچ منگل 15نومبر کو وزیر اعظم میاںمحمد نواز شریف، ان کے خاندان کے دیگر افراد مریم نواز، حسن نواز ، حسین نواز،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سمیت پاکستان کی259 حکومتی و غیر حکومتی،سیاسی و غیر سیاسی اور معروف کاروباری شخصیات کے خلاف پانامہ لیکس سکینڈل کی تحقیقات کروانے کے حوالہ سے عمران خان وغیرہ کی آئینی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔7نومبر کی سماعت میں فاضل عدالت نے شریف فیملی کے وکیل سمیت تمام فریقین کو دستاویزات جمع کروانے کی آخری مہلت دی تھی۔ کیس میں دو نئی درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کی گئی ہیں ایک افشاں غضنفر ایڈووکیٹ اور دوسری بیرسٹر ظفر اللہ خان کی ۔ لارجر بنچ کے بعد چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بنچ پانامہ لیکس اور آف شور کمپنیوں سے متعلق حنیف عباسی بنام عمران خان اور جہانگیر خان ترین کیس کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے سوموار14نومبر2016 ء سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اسلام آباد میں مختلف مقدمات کی سماعت کے لئے 2 پانچ رکنی لارجر بنچوں سمیت 7بنچ تشکیل دے دیئے ہیں۔
پانامہ لیکس کیس، سپریم کورٹ کا5رکنی لارجر بنچ پرسوں سماعت کریگا، آئندہ ہفتہ دیگر مقدمات کیلئے 7بنچ تشکیل
Nov 13, 2016