ہلیری کلنٹن نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کی مداخلت کو اپنی شکست کا ذمہ دار قرار دے دیا۔انھوں نے کہا کہ انتخابات سے صرف دو ہفتے قبل جیمز کومی کی جانب سے ان کے بطور وزیرِ خارجہ ای میل کے استعمال کے بارے میں تحقیقات کھولنے کے اعلان نے ان کی مہم کو متاثر کیا۔ہلیری کلنٹن اپنی جماعت کے عطیہ کنندگان سے فون پر گفتگو کر رہی تھیں جو میڈیا پر افشا کر دی گئیں۔28 اکتوبر کو جیمز کومی نے کانگرس کو خط لکھ کر مطلع کیا تھا وہ کلنٹن کی ای میلز کے بارے میں اس تفتیش کا ازسرِنو آغاز کر رہے ہیں جو جولائی میں ختم کر دی گئی تھی۔اس کے بعد انتخابات سے صرف دو روز قبل انھوں نے ایک اور خط میں کہا وہ اپنے ابتدائی جائزے پر قائم ہیں کہ کلنٹن کے خلاف فردِ جرم عائد نہیں کی جائے گی۔کلنٹن نے عطیہ کنندگان سے کہا کہ انتخابات میں ناکامی کی بہت سے وجوہات ہیں، لیکن ہمارا تجزیہ یہ ہے کہ کومی کے خط نے جس میں بے بنیاد شکوک اٹھائے گئے تھے، ہمارا تحرک ختم کر دیا۔ ہم گر گئے اور اس کے بعد ہمیں سخت جدوجہد کرنا پڑی۔'امریکی میڈیا کے مطابق انھوں نے یہ بھی کہا کہ کومی کے دوسرے خط نے ٹرمپ کے حامیوں کو مزید توانائی دے دی۔