لاہور(خصوصی نامہ نگار)مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت میں ترمیم کے ذمہ داروں کو بے نقاب کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔حرمت رسولؐ پر جان بھی قربان ہے، ہر مسلمان کا نعرہ ہے۔پاکستان جن مسائل کا شکار ہے ان کا حل سیرت النبیؐ پر عمل سے ہی ممکن ہے۔ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ کسی مسلک کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کامسئلہ ہے۔کشمیر کی آزاد ی ، نئی نسل کی تہذیب کی حفاظت اورعقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے تحریک چلائیں گے۔حافظ سعید کو فی الفور رہا کیا جائے۔کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔حکمرانوں نے نااہل شخص کے لئے قانون بنا لیا لیکن کشمیر کے مسئلہ پر خاموش ہیں۔ان خیالات کا اظہار جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی،محمدعلی درانی،سیف خالد،یعقوب شیخ،سید کفیل شاہ بخاری،حافظ عبدالرئوف،سید عبدالوحید شاہ،شیخ وقاص،قاری عبدالغنی ثاقب اوراقبال دانش نے جامعہ عمربن عبدالعزیزتوحید چوک احمدپور شرقیہ میں سالانہ سیرت النبیؐکانفرنس بسلسلہ ختم نبوت و تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ارشد بخاری ایڈوکیٹ،سلمان فاروقی،ابوہریرہ،میاں سہیل ودیگر بھی موجود تھے۔