لاہور(خصوصی نامہ نگار)تنظیم اتحادا مت پاکستان کے شریعہ بورڈکے 50سے زائد مفتیان کرام نے چیئرمین تنظیم ضیاالحق نقشبندی کی اپیل پر شرعی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فور ی طورپر تحریک لبیک یارسول اللہ کے امیر علامہ حافظ خادم حسین رضوی کے مطالبات کو منظور کرے کہیں ایسا نہ ہو کہ اہل سنت وجماعت کا بچہ بچہ سٹرکوں پر نکلنے کے لیے مجبور ہو جائے کیونکہ تحریک لبیک یارسو ل اللہ کے امیر علامہ خادم رضوی اورکارکنان ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ نبی کریمؐ کی حرمت کی خاطر شدید سردی میں اسلام آباد اور راولپنڈی کی ٹھنڈی سٹرکوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ حکومت اس حوالے سے راجا ظفرالحق کی سربراہی میں اپنی حکومتی کمیٹی کے فیصلوںکو فوری طور پرپبلک کرے۔آئین پاکستان کی دھجیاں اڑانے والے وفاقی وزیر زاہد حامدکو فی الفور ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت عاشقان رسول کے غم وغصہ کوکنٹرول نہیں کر پائے گی۔ مفتیان کرام نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے فوراً مطالبات کو منظور نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ کار جہاں چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پھیل سکتا ہے اعلامیہ جاری کرنے والوںمیں مفتی عبدالطیف قادری،مفتی خضرالاسلام، مفتی حسیب قادری، مفتی گل احمد عتیقی، مفتی فیصل، مفتی عبدالستار سعیدی اور دیگر شامل ہیں۔
حکومت فوری علامہ خادم رضوی کے مطالبات منظورکرلے:50 مفتیوں کاشرعی اعلامیہ
Nov 13, 2017