اسرائیلی فوج نے گولان کی چوٹیوں پر شامی ڈرون مار گرایا

تل ابیب(این این آئی)اسرائیلی فوج نے مقبوضہ گولان کی چوٹیوں پر شام کا ایک بغیر پائیلٹ جاسوس طیارہ مار گرایا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کی خاتون ترجمان نے اتوار کو ایک بیان میں اطلاع دی کہ روسی ساختہ اس ڈرون کو اسرائیل اور شام کے درمیان غیر فوجی علاقے میں پیٹریاٹ میزائل سے تباہ کیا گیا ہے۔یہ غیر فوجی علاقہ شام کے علاقے گولان کی چوٹیوں اور اسرائیل کے زیر قبضہ اس علاقے کے حصے کے درمیان واقع ہے۔اسرائیلی فوج نے ستمبر میں گولان کی چوٹیوں ہی پر ایک ایرانی ساختہ ڈرون کو مار گرایا تھا۔ یہ ڈرون لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے زیر استعمال تھا اور وہ گولان کے علاقے میں جاسوسی مشن پر محو پرواز تھا۔یاد رہے کہ اسرائیل نے پڑوسی ملک شام کے گولان کی چوٹیوں کے بارہ سو مربع کلومیٹر علاقے پر 1967ء کی چھے روزہ جنگ کے دوران قبضہ کر لیا تھا اور چودہ سال کے بعد 1981 میں اس کو صہیونی ریاست میں ضم کر لیا تھا لیکن عالمی برادری اس کے گولان کی چوٹیوں پر قبضے کو تسلیم نہیں کرتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن