عراق کے شہر کرکوک میں اجتماعی قبردریافت،400لاشیں برآمد

بغداد(این این آئی)عراق میں حکام نے داعش کے قبضے سے آزاد کرائے گئے الحویجہ شہر میں ایک بڑی اجتماعی قبر کا پتا چلا ہے جس میں کم سے کم 400 لاشوں کی باقیات کا پتا چلا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق کرکوک کے گورنر راکان سعید نے بتایا کہ الحویجہ شہرسے ملنے والی اجتماعی قبروں میں دفن کیے گئے افراد کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شہر اکتوبر 2017ء تک داعش کے قبضے میں تھا۔ گذشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے داعش کو اس شہر سے نکال باہر کیا ہے۔راکان سعید جنہوں نے کرد گورنر کے استعفے کے بعد کرکوک گورنری کی قیادت سنھبالی ہے کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت امریکی فوج کے زیر استعمال رہنے والے البکارہ فوجی اڈے پر ہیں۔ داعشی جنگجو اس اڈے کو ’پھانسی گھاٹ‘ کے طور پر استعمال کرتے رہے ہیں۔ کرکوک کے گورنر کا کہنا تھا کہ اجتماعی قبروں سے ملنے والی لاشوں میں سے بعض لوگوں کو سرخ کپڑوں میں موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے ۔اجتماعی قبر سے ملنے والی لاشوں سے پتا چلتا ہے کہ داعشی جنگجوؤں نے انتقام کی بدترین پالیسی اپناتے ہوئے ان لوگوں کو بے رحمی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارا۔ ان کے سرقلم کیے گئے اور انہیں اذیتیں دے کر قتل کیا گیا۔ 

ای پیپر دی نیشن