حدیبیہ ملزریفرنس:جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ بنچ آج سماعت کریگا

Nov 13, 2017

اسلام آباد (آن لائن + آئی این پی + نامہ نگار) سپریم کورٹ میں رواں ہفتے کیلئے 6بنچ تشکیل دیئے ہیں۔ پانچ بنچ اسلام آباد جبکہ ایک کراچی میں مقدمات کی سماعت کریگا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل بنچ کل عمران خان کی نااہلی کے مقدمہ کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل بنچ حدیبیہ پیرز ملز کیس کھولنے کے لئے نیب کی اپیل پر آج پیر کو سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل بنچ پیر کو لاپتہ افراد جبکہ جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل بنچ آج پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت کرے گا۔ ادھر وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اقامہ کیس کی سماعت (آج) پیر کو ہوگی، جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں خصوصی لارجر بنچ سماعت کرے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف سے تحریری جواب طلب کررکھا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے وزیر خارجہ کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عثمان ڈار نے اپنی درخواست میں خواجہ آصف پر اپنے اثاثے چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے عدالت سے ان کی نااہلی کی استدعا کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے اپنی درخواست میں کہا کہ اقامہ چھپانے پر خواجہ آصف صادق اور امین نہیں رہے۔دریں اثناءآن لائن کے مطابق حدیبیہ پیپر کیس ری اوپن کرنے کیلئے سپریم کورٹ کے بنائے گئے بنچ پر اعتراض کیلئے مسلم لیگ (ن) آج درخواست دائر کریگی۔ نواز شریف نے شہباز شریف سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس کے حوالے سے جو بنچ بنایا گیااسکے سربراہ پانامہ پیپر پر انکے خلاف فیصلہ دے چکے ہیں اور اب انہیں مزید توقع نہیں کہ انہیں انصاف مل سکے گا۔ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ اعتراضات کی درخواست آج پیر کو دائر کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے قانونی ٹیم کو درخواست تیار کرنے کے احکامات دیدیئے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں دائر ریفرنسز کی آئندہ سماعت (کل) منگل کو ہوگی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار اس حوالے سے ایک درخواست دائر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں ان کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے سے استثنیٰ کی درخواست کی جائے گی۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کے بیٹوںحسن نواز اورحسین نواز کو اشتہاری قراردینے اور اثاثوں کی ضبطگی سے متعلق سماعت کل (14نومبرکو) ہوگی، امکان ہے کہ 14 نومبر کی سماعت میں عدالت ملزمان کے پیش نہ ہونے پر ان کو اشتہار ی قرار دیتے ہوئے پیشی کے لئے اشتہار دینے کی ہدایت کرے گی اور ساتھ ہی ملزمان کی جائیداد کی قرقی کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔ اس پہلے احتساب عدالت کی جانب سے عدالت میں ہی اشتہار چسپاں کیا گیا تھا جس کے مطابق گرفتاری دینے کے عدالتی احکامات کی مقررہ مدت 8 نومبر کو ختم ہوگئی تھی لیکن وہ تاحال عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔ احتساب عدالت کے حکم نامے کے مطابق اگر حسن نواز اور حسین نواز مسلسل عدالت میں سماعت سے غیر حاضر رہے تو ان کی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں گی۔ اشتہار کے مطابق 30 دن میں پیش نہ ہوئے تو مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جائےگا۔ واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ ماہ 12 اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت سے ملنے والی ہدایت کے بعد فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر حسن نواز اور حسین نواز کی پیشی کے لئے حکم نامہ آویزاں کیا گیا تھا۔ حکم نامے میں حسن نواز اور حسین نواز کو گرفتاری دینے اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ، العزیزیہ سٹیل ملز اور ایون فیلڈ جائیدادوں کے ریفرنسز میں عدالتی کارروائی کا حصہ بننے کا کہا گیا تھا۔
کیس سماعت

مزیدخبریں