کراچی کے لوگ کٹھ پتلیاں مستردکردینگے شہرکو اونر شپ پی پی دیگی:بلاول

Nov 13, 2017

لاہور (خبرنگار+ نیٹ نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف ذاتی عناد میں مقدمات کی صورتحال کو الجھا رہے ہیں‘ پانامہ نوازشریف کا ذاتی مقدمہ ہے‘ عوام باشعور ہیں نوازشریف کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ حدیبیہ کے علاوہ ایک سانحہ ماڈل ٹائون کیس بھی ہے اس کیس کا مقدمہ بھی چلنا چاہئے‘ امید ہے کہ حدیبیہ پیپرز ملز کیس میں انصاف ہو گا۔ ماڈل ٹائون کیس میں بھی انصاف ہونا چاہئے‘ نوازشریف کی کوشش ہے کہ وہ پانامہ کیس کو متنازعہ بناکر بچ جائیں لیکن نوازشریف عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے‘ لوگ سمجھدار ہیں۔ جہانگیر بدر ایثار اور قربانی کے جذبے کا نام تھے۔ جہانگیر بدر کی قربانیاں ہر کارکن کے لئے مشعل راہ ہیں۔ وہ پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری جہانگیر بدر کی برسی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ میری نظر میں کراچی میں عجیب کھیل کھیلا جا رہا ہے‘ ہم کراچی میں ترقی چاہتے ہیں۔ عمران خان کا حق ہے وہ پورے پاکستان میں جائیں۔ کراچی میں اس وقت سیاسی کٹھ پتلیاں ہیں جو کامیاب نہیں ہوں گی اور عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے عمران خان کو کٹھ پتلی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کی دوسری کٹھ پتلیوں کی طرح یہ کٹھ پتلی بھی ناکام ہو گی۔ کراچی کی سیاسی صورتحال عجیب ہے۔ شہر قائد میں عجیب کھیل کھیلا جا رہا ہے‘ ہم کراچی کو ترقی اور صاف ستھری قیادت اور اونر شپ دیں گے۔ کل بھی جمہوریت آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے تھے اور آج بھی‘ پیپلزپارٹی کے نظریے میں کوئی ابہام نہیں۔ بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی کوئی غیرجمہوری اقدام قبول نہیں کرے گی۔ علاوہ ازیں لاہور میں جنرل سیکرٹری پی پی نیئر بخاری‘ ندیم افضل چن اور دیگر رہنمائوں نے بھی آصف زرداری سے ملاقات کی۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹویٹ میں کراچی کی سیاست میں حالیہ ہلچل کو مضحکہ خیز قرار دیدیا۔ بلاول نے مزید لکھا کہ ہمارا شہر اس سے کہیں زیادہ بہتر سیاست کا استحقاق رکھتا ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی والوں کو اونر شپ دے گی۔ عمران خان کٹھ پتلی ہیں‘ جتنے مرضی جلسے کریں کراچی کے عوام لفٹ نہیں کرائیں گے۔ پانامہ انٹرنیشنل سکینڈل ہے۔

مزیدخبریں