نظام شمسی کے دو چمکدار سیارے زہرہ اور مشتری آج ایک دوسرے کے قریب سے گزریں گے : ماہرین فلکیات

ڈبلن(این این آئی)نظام شمسی کے دو چمکدار سیارے زہرہ اور مشتری آج ( پیر) کے روز ایک دوسرے کے قریب سے گزریں گے اور ایک موقع پر دونوں ایک ہی بڑے روشن ستارے کی طرح نظر آئیں گے۔نظام شمسی میں موجود سیارے زہرہ اور مشتری آج سورج طلوع ہونے سے قبل ایک دوسرے کے قریب آجائیں گے اور انہیں باآسان آسمان پر دیکھا جاسکے گا۔ یہ خوبصورت نظارہ دنیا بھر میں کیا جاسکتا ہے۔ ویسے تو خلا ء میں دونوں سیاروں کا آپس میں فاصلہ لاکھوں میل ہے لیکن دونوں اجرام اس طرح سیدھ میں آ جائیں گے کہ آسمان پر یوں لگے گا جیسے دونوں ایک دوسرے سے محض چند ڈگری کے فاصلے پر ہوں۔زہرہ اور مشتری کے ایک ساتھ ہونے کا خوبصورت منظر 13نومبر بروز پیر کو سورج طلوع ہونے سے قبل مشرق وسطی کے آسمان پر دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں سیارے بہت قلیل وقت کیلئے ایک ساتھ دیکھے جائیں گے۔ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ زہرہ اورمشتری کو ایک ساتھ دیکھنے کا خوبصورت منظر مضافاتی علاقوں میں بہتراندازمیں دیکھا جاسکتا ہے جہاں فضائی آلودگی کم سے کم ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں سیارے پہلے ہی بہت چمکدار ہیں اور ایک دوسرے سے بہت زیادہ قریب ہونے کی وجہ سے ان کی روشنی میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ ماہرین فلکیات نے عوام کو آگاہ کیاہے کہ روشن ستاروں کو دوربین کے استعمال کے بغیر بھی دیکھا جاسکتا ہے لیکن قدرت کے اس حسین منظر سے لطف اندوز ہونے کیلئے دوربین کا استعمال کرکے دونوں چمکدار ستاروں کو واضح انداز میں دیکھا جاسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن