حکمران ملک کو اسلام کے مطابق چلائیں تو اندھیرے چھٹ جائیں گے :مولانا عبدالوہاب

Nov 13, 2017

رائے ونڈ+لاہور (نامہ نگار) رائیونڈ میں منعقدہ سالانہ 67 واں عالمی عظیم الشان اجتماع کا دوسرا مرحلہ امیر جماعت 90 سالہ بزرگ عالم دین مولانا عبدالوہاب کے بیان اور رقت آمیز دعا کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، اجتماعی دعا سے قبل عبداللہ خورشید کا بیان ہوا، جس میں انہوں نے کہا اللہ عز و جل کے راستے میں نکلنے سے دوسری کسی بات کو فرق نہیں پڑتا، رزق کم ہونے کی بجائے بڑھتا ہے، ہمیں اپنی اولاد اور خواتین کو بھی دین کی دعوت والے کام پر لگانا چاہئے، اپنے ظاہر اور باطن کو یکساں بنانا ہوگا، یہ دنیا مسلمان کیلئے قید خانہ اور کافر کیلئے جنت ہے، اجتماعی دعا 9بجے شروع ہوئی، امیر جماعت حاجی عبدالوہاب نے اجتماعی دعا سے قبل آخری نشست میں اپنے بیان میں کہا نام کے مسلمانوں کو کام کے مسلمان بنانا اور قومی مسلمان کو دین کا مسلمان بنانا ہے، رب کے فیصلوں اور نعمتوں کا ہر حال میں شکرکرنے والوں کو حق تعالیٰ جنت کے اعلیٰ درجوں پر پہنچا دیتا ہے، دنیا میں مشقتیں جھیلنا صعوبتیں برداشت کرنا آخرت کی رفع درجات کا سبب ہے، اور جتنی بھی دینی امور میں مشقت اٹھائی جائے گی اتنا ہی بلند مرتبوں کا استحقاق ہوگا لیکن اللہ پاک کے مبارک ذکر میں اس قدر برکت اور راحت و آرام سے نرم بستروں پر بیٹھ کر بھی راتوں کو اللہ کی یاد میں وقت لگانے والے بھی رفع درجات کا سبب ہیں، اگر تم ہر وقت ذکر میں مشغول رہو تو فرشتے تمہارے بستروں پر اور تمہارے راستوں میں تم سے مصافحہ کرنے لگیں گے، جو اللہ تعالی کا ذکر نہیں کرتا وہ زندہ بھی مردہ ہے اور اسکی زندگی بھی بے کار ہے، جو اللہ کا ذکر کرتا ہے اس کا دل زندہ ہے جو ذکر نہیں کرتا اس کا دل مرجاتا ہے۔ مسلمان بھائیو ایک شخص بہت سے روپے تقسیم کررہا ہو اور دوسرا شخص اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مشغول ہو تو ذکر کرنے والا اللہ تعالیٰ کے دربار میں افضل ہے اللہ تعالی کا ذکر جنت میں داخل ہونے کا ٹکٹ ہے ایک دن سب نے اس فانی دنیا سے کوچ کرکے قبر میں جانا ہے زندگی میں توبہ کرکے اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کریں اور اللہ تعالی کی طرف سے نازل ہونے والا عذاب کا راستہ اللہ تعالی کے ذکر ہی رو کا جاسکتاہے، اس عمل کو آج سے اپنا معمول بنا لیں، انشاء اللہ دین اور دنیا میں خیر ہو گی، حکمران اسلام اور دین خداوندی کے مطابق ملک کو چلائیں تو ملک پاکستان خوشحال اور اسلام کی سربلندی کی غمازی ہوگی دہشت گردی سے نجات خون خرابے سے چھٹکارا حاصل کرنے کا واحد حل امت کا احکام خداوندی کے مطابق زندگی بسر کرنا رات کو موت سرہانے رکھ کر سونا اور صبح کو موت سامنے دیکھنا راتوں کو اللہ تعالی کے سامنے سر سجدہ میں رکھ کر رو رو کر التجا کرنا اور بخشش کی طلب اور گناہوں سے معافی مانگنا توبہ کرنا اللہ تعالی کوبہت پسند ہے آنسو بہانا اور توبہ کا عمل اللہ تعالی کواس قدر پسند ہے چونکہ یہ عمل نبیوں پیغمبروں اور ولیوں کا ہے۔ مسلمانوں کی تنگی اور اذیت توبہ کرنے سے ہی ختم ہوگی، امیر جماعت حاجی عبدالوہاب نے کہا اے اللہ تو ہم پر اپنا رحم فرما، اے اللہ تو امت کو سیدھے راستے پر ڈال اور انکو پکے سچے مسلمان بنا، اے اللہ تیرے سوا ہمارا کوئی پرسان حال نہیں آج پنڈال میں ہم تیرے دربار میں یک زبان ہو کر عہدکرتے ہیں، تیرے سوا ہمارا کوئی نہیں تو اپنا بنا کر ہمیں سیدھے راستے پر ڈال دے، اور برائی سے ہٹا کر نیک کام کرنے پر لگا دے، اور ہمیں توفیق عطا فرما اے اللہ امت کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کردے، اور اسلام کا پرچم بلند کر تو ہی سب کا حافظ اور محافظ ہے تیرے سوا کوئی نہیں، اے اللہ تو نے وعدہ کیا ہے امت کی حفاظت اور بلندی کے لیے اپنے رسول پر میں درود سلام بھجنے والوں کے ساتھ شامل ہوتا ہوں، اور میرے فرشتے بھی انکے ساتھ شامل ہوکر درود و سلام پڑھتے ہیں، اے اللہ تو ہی والی اور تو ہی پیدا کرنے والا اور پالنے والا ہے، ہمیں نیک بنادے، اور اپنے مقرب بندوں کی صف میں شامل کردے، اللہ ہمارے کشمیری اور روہیگناکے مسلمانوں کو اپنی پناہ اور انکی حفاظت فرما، اے اللہ ہم تجھ سے معافی کے طلب گار ہیں ہمارے کبیرہ وصغیرہ گناہ معاف فرما دے، ہمارے ایمان اور یقین کو مضبوط اور کامل بنا دے، اے اللہ تو ہم سے راضی ہوجا اور ہمیں ہدایت کے راستہ پر چلنے کی توفیق عطا فرما، اے اللہ چاروں طرف دین کا بول بالا فرما، ہمارے معاملات اور معاشرت کو پاکیزہ فرمادے، اے اللہ اپنا کرم فرما اور ہماری غیبی تائید شامل حال فرما، قرآنی مراکز دینی مدارس مساجد اور تبلیغی مراکز کی حفاظت فرما، اور ان میں اس قدر ترقی فرما کہ عالم اسلام میں کوئی بھی تیرے دین سے دور اور بے خبر نہ رہے، اللہ ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنے والا بنادے اے اللہ جو مسلمان مرد عورتیں بچے دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں انکی مغفرت فرما اور انکے کبیرہ، صغیرہ گناہ معاف فرما کر انکو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرما، تو ہی بخشنے والا ہے، امت کو برائی کے راستہ سے ہٹاکر نجات کے راستہ پر ڈال دے، آمین آمین، اجتماعی دعا آدھ گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس کے بعد اجتماعی نکاح پڑھائے گئے، ہزاروں جماعتیں تشکیل کے بعد اندرون و بیرون ملک کیلئے روانہ ہو گئیں۔ صباح نیوز کے مطابق امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب نے کہا ترقی کا زینہ دعوت و تعلیم ہے۔ اللہ کی عبادت کا اہتمام کرنے سے ہی امت کے مصائب ختم ہونگے۔ اللہ کے لئے خرچ کرنے سے اللہ تعالیٰ رزق میں اضافہ کرے گا۔ آئی این پی کے مطابق دعا کے دوران لوگ گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہے‘ اجتماع میں ملک کی سلامتی استحکام اور ترقی کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان اور دیگر رہنمائوں نے رائے ونڈ اجتماع میں شرکت کی اور مولانا طارق جمیل، مولانا احمد لاٹ‘ مولانا سید شاہد کاندھلوی، مولانا یونس پالن پوری اور دیگر سے ملاقاتیںکیں۔ نامہ نگار کے مطابق عالمی اجتماع کے دوسرے مرحلہ میں غیرملکی مہمانوں کی تعداد 36ہزار سے تجاوز کر گئی۔ امسال اجتماع میں سب سے زیادہ ایران‘ چین اور بنگلہ دیش کے مندوبین نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق امسال عرب شہزادوں نے بھی شرکت کی تاہم انکی تعداد معلوم نہیں ہو سکی۔ این این آئی کے مطابق حسب معمول اجتماعی دعا میں کوئی حکومتی نمائندہ شریک نہیں ہوا۔ دعا کا دورانیہ 35منٹ رہا‘ 20منٹ اردو اور پندرہ منٹ عربی میں دعا کی گئی۔لاہور سے نامہ نگار کے مطابق رائیونڈ اجتماع کے اختتام پر سٹی ٹریفک پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کا بدترین جام ہوگیا۔ امامیہ کالونی، ٹھوکر نیاز بیگ، رائیونڈ روڈ، بند روڈ اور شاہدرہ موڑ سمیت دیگر جگہوں پر کئی گھنٹے ٹریفک جام رہی۔

مزیدخبریں