لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈلیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کے منصوبے کیلئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی بھرتیوں کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ و ریسرچ سنٹردکھی انسانیت کی خدمت کا عظیم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں گردے اور جگر کے غریب مریضوں کا علاج مفت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کا منصوبہ خطے میں ایک رول ماڈل بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کیلئے باصلاحیت افرادی قوت میرٹ کی بنیاد پر حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے اس عظیم منصوبے میں کسی کو روڑے اٹکانے نہیں دوں گا۔ منصوبے پر عوام کا پیسہ لگ رہا ہے اور اس کا فائدہ بھی عوام کو پہنچنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں 6ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس قائم کردئیے گئے ہیںجبکہ دیگر ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کا قیام بھی مقررہ مدت کے اندر یقینی بنایا جائیگا۔ پاکستان کڈنی اینڈلیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر پروفیسر سعید اختر کی منصوبے پر پیشرفت اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اقدامات بار آور ثابت ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کی قائل نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی سلطان محمود ہنجرا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ مظفر گڑھ میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ گورنمنٹ رجب طیب اردگان ہسپتال علاقے کے عوام کو جدید علاج معالجہ فراہم کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے اس ہسپتال میں 250 بستروں کا اضافہ کررہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے لارڈ نذیر احمد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عبادت سمجھ کر عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے۔ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو عوام بری طرح مسترد کر چکے ہیں۔ آئندہ نسلوں کو جھوٹ اور الزام تراشی سے ایک، خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان دیں گے۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ آپ کے شاندار اقدامات کے باعث صوبہ پنجاب کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے خلق خدا کیساتھ صلہ رحمی و حسن سلوک کی ضرورت و اہمیت کے عالمی د ن پر اپنے پیغام میں کہا ہے یہ دن منانے کا مقصد خلق خدا کی بھلائی کی سرگرمیوں کے بارے میں شعور کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان بے لوث جذبوں سے سرشار عظیم لوگوں کی عظمت کو سراہے جانے کا دن ہے۔ وزیراعلیٰ نے صحافی غلام محی الدین کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے معروف انشائیہ نگار، ادیب و شاعر مشکور حسین یاد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔