سعودی عرب سے بحرین جانے والی آئل پائپ لائن میں دھماکہ، سپلائی معطل۔ ایران ذمہ دار ہے:بحرینی وزیرخارجہ

مناما(آن لائن)سعودی عرب سے بحرین جانے والی تیل کی پائپ لائن کو دارالحکومت مناما کے قریبی گاؤں بری میں دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تیل کی روانی بھی معطل ہوگئی ہے۔تیل کی پائپ لائن پر ہونے والے دھماکوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں اور نہ ہی کسی دہشت گرد تنظیم کی جانب سے اس کی ذمہ داری قبول کی گئی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ دار ایران سے متاثر دہشت گرد ہیں۔بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ تیل کی پائپ لائن کو دارالحکومت مناما کے قریبی گاؤں بری میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کئی عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم امدادی کارکن اور فائر فائٹرز نے وہاں پر موجود افراد کو بچانے کی کوششیں فوری شروع کردیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پائپ لائن بحرینی سرکاری کمپنی بحرین پیٹرولیم کمپنی کی ملکیت ہے۔بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے ایک بیان میں واقعے کی ذمہ داری ایران پر ڈالتے ہوئے کہا دھماکہ دہشت گردی کی تازہ مثال ہے جس کو براہ راست ایران سے رابطے اور ان کی ہدایت پر عمل کرنے والے دہشت گردوں نے عمل میں لایا ہے۔ایران کی جانب سے بحرینی حکام کے الزامات پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔

ای پیپر دی نیشن