ہماری ڈیڑھ سالہ جماعت نے 40 برس پرانی سیاسی جماعتوں کی نیند یں حرام کردی ہیں :مصطفی کمال

Nov 13, 2017

کراچی (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے ہماری ڈیڑھ سالہ جماعت نے 40 سالہ پرانی سیاسی جماعتوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے کارکنوں اور ذمہ داران نے صرف ڈیڑھ سال کے عرصے میں اپنی محنت اور جدوجہد کے ذریعے 40 سال پرانی سیاسی جماعتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں ان کے صبح دوپہر شام کے قول و فعل میں تضاد پیدا کردیا ہے، یہ ہمارے نظریئے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا مقصد عوام کی بے لوث خدمت کرنا ہے اور تمام مذاہب رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک جگہ جمع کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنے سیاسی و لسانی مخالفین سے بھی دشمنی نہیں چاہتے، ہمارا نظریاتی اختلاف ضرور ہوگا لیکن ہم اپنی دعوت کا کام نہیں روکیں گے۔ ہم نے بغیر دشمنی کے کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع کے مسائل کو حل کرنا ہے اور پاکستان کے ڈھائی کروڑ بچے جو حصول تعلیم سے محروم ہیں انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ ہمارا مقصد جو بچے بھوک اور امراض کی وجہ مر جاتے ہیں انہیں مرنے سے بچانا ،نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اور پورے ملک میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا جو لوگ یہ کہتے ہیں ہم نے منظر عام پر آکر دوسری جماعتوں کو اُلجھن میں ڈال دیا، اگر ڈیڑھ سالہ پارٹی نے 35 سال کی جمی ہوئی گرد کو ہٹا کر کسی جماعت کو جھنجھوڑ دیا ہے تو یہ ہماری کامیابی ہے، جو لوگ پریشان ہیں کل وہ ہمارے ساتھ شامل ہوں گے کیوں کہ ایمان لانے سے پہلے اپنے گناہوں پر ندامت ہونی ضروری ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہم کراچی حیدرآباد سمیت پورے ملک کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ پرویز مشرف سے متعلق سوال پر کہا پرویز مشرف کی بات پر میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ انہوں نے مزید کہا ہم نے لو گوں کو کنفیوز کر دیا ہے، جو لوگ آج کنفیوز ہیں کل کنورٹ ہوکر ہمارے پاس ہی آئیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مصطفی کمال نے کہا کارکنوں کی محنت سے پارٹی مضبوط ہوئی ہے۔ اٹھارہ ہزار کارکن دن رات ہمارے ساتھ کام کر رہے ہیں‘ اڑتالیس ہزار کارکنوں نے خود کو رجسٹر کر دیا ہے۔ ایک لاکھ کارکنوں کی شمولیت کا ٹارگٹ رکھا ہے۔ مخالفین سے سیاسی اختلافات ہیں‘ دشمنی نہیں۔ ہم تمام رنگ اور نسل کے لوگوں کو اکٹھا کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے جو باتیں کیں اسی پر قائم ہوں‘ مائوں کو سیاست میں شامل نہیں کرنا چاہئے‘ فاروق ستار نے زیادتی کی۔

مزیدخبریں