لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا اصلاحاتی ایجنڈا عوام دوست ہے اور اس ایجنڈا کی تکمیل ہمارا مشن ہے کیونکہ اصلاحاتی ایجنڈا مکمل ہونے سے اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا، اسی لئے تحریک انصاف کی حکومت نے اداروں کی استعدادکار بڑھا نے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پنجاب میں اداروں کو بہتر بنا کر اصلاحاتی ایجنڈا کو آگے بڑھائیں گے اور عوام کی خدمت کا سفر مشن سمجھ کر پورا کریں گے۔ پنجاب حکومت غیر ضروری اخراجات روکنے کیلئے مالیاتی نظم و ضبط پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے، پائیدار ترقی کا سفر پسماندہ اور دور دراز علاقوں تک لے کر جائیں گے ۔ جنوبی پنجاب کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے بنا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پائیدار پالیسیاں مرتب کر رہی ہے۔ تعلیم، صحت اور پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ شہروں، قصبوں اور گاﺅں کے مکینوں کیلئے صاف پانی کی مستقل فراہمی کا پراجیکٹ لا رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں سرکاری سکولوں کا معیار اچھے تعلیمی اداروں کے برابر لا رہے ہیں، ماضی کے برعکس حقیقی ترقی کے منصوبے لائیں گے، عوام جلد تبدیلی محسوس کریں گے۔ ہیلتھ پراجیکٹس کا دائرہ کار دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک وسیع کریں گے۔ تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ پیغام میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت سے محبت، صلہ رحمی و حسن سلوک انسانیت کی اعلیٰ اقدار اور دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔ دکھی انسانیت سے صلہ رحمی و حسن سلوک سے پیش آنا ہم سب کا مذہبی ، اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے۔صلہ رحمی اور حسن سلوک معاشرے میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہے۔ عثمان بزدار نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عثمان بزدار
عوام کی خدمت کا سفر مشن سمجھ کر پورا کریں گے عثمان بزدار
Nov 13, 2018