لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ہائیکورٹ نے تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر کے خلاف غداری کی کارروائی کے لیے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی اور واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے اس معاملہ پر ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ اس صورت میں درخواست قابل سماعت نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے مقامی شہری شبیر کی درخواست پر سماعت کی۔ ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو باور کرایا کہ احتجاج اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف حکومت کارروائی کر رہی ہے۔ جسٹس عاطر محمود نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس طرح کی درخواستیں دائر کرنے سے عدالتوں پر کیسز کا بوجھ بڑھتا ہے لیکن اس کے باوجود اس طر ح کی درخواستیں دائر کی جاتی ہیں۔ ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے نشاندہی کی کہ غداری کی کارروائی کرنا وفاقی حکومت کا اختیار ہے عدالت کا نہیں۔
درخواست مسترد
ہائیکورٹ نے خادم رضوی، فضل الرحمن کیخلاف غداری مقدمہ کی درخواست مسترد کر دی
Nov 13, 2018