سعودی تاجروں کوپنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے تمام سہولتیں دیں گے: میاں اسلم اقبال

لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کا فروغ ہماری پہلی ترجیح ہے اوراس مقصد کے لئے ملکی وغیرملکی سرمایہ کاروں کوایک ہی چھت تلے ہر ممکن سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔سرمایہ کاروں اور ان کی سرمایہ کاری کو مکمل قانونی تحفظ بھی دیں گے۔پاک سعودی تجارتی تعلقات کو فروغ اور سعودی تاجروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ایک خصوصی سیل بھی بنایا جارہاہے۔نئی صنعتی پالیسی مرتب کر لی گئی ہے اور اس پالیسی کے تحت صوبے میںصنعت کاری کا عمل تیز ہو گا۔نئی صنعتی پالسی کے تحت دس سال کے لئے انکم ٹیکس میں ٹیکس ہالیڈے دے رہے ہیں جبکہ مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی بھی زیرو ہو گی۔سپیشل اکنامک زونز کے قیام اور شیخوپورہ میں قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیزکی جائے گی۔صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار آج مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل کمپنی سابک کے زیر اہتمام’’ پیکنگ کے لئے سابک سلیوشنز کے موضوع پر ٹیکنیکل سیمینار‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابک کمپنی کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ خالد محموداور پاک سعودی جائنٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں محمود بھی اس موقع پرموجود تھے۔صنعت کاروں اور تاجروں کی بڑی تعداد نے بھی تقریب شرکت کی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی سابک کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور ہماری حکومت چاہتی ہے کہ برادراسلامی ملک پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔انہوںنے کہا کہ حکومت نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ساز گارماحول پیدا کیا ہے جس کی وجہ سے ملکی وغیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہاہے۔

ای پیپر دی نیشن