اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن آپ اور آپ کے ہم نوا جبری تسلط کی منفی سوچ ترک کریں اور جمہوری رویہ اپنائی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو رنج ہے کہ ملک میں چند خاندانوں کی بجائے پہلی بار حقیقی عوامی راج کیوں قائم ہوا؟ آپ کو پریشانی یہ ہے وزیراعظم عمران خان معیشت درست سمت ڈال کر عوام کا روزگار اور کاروبار چلانا چاہتے ہیں۔ مولانا مظلوم ورکروں کو اپنی پارلیمان میں جانے کی خواہش کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ ان پر رحم کریں‘ آئین اور جمہوریت کے منافی مطالبے کرکے نظام کو نقصان نہ پہنچائیں۔ چار سال صبر فرمائیں اور مظلوم کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرکے دس سال کشمیر کمیٹی کے بطور چیئرمین پروٹوکول لینے کا قرض اتاریں۔