اسلام آباد(قاضی بلال؍خصوصی نمائندہ)وفاقی حکومت نے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا ۔ سوئی نادرن اور سدرن دونوںکی قیمتوں میں نومبر کیلئے قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اوگرا نے نومبر کے لیے ایل این جی کی قیمت فروخت میں0.22 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کردیاہے قیمت بڑھنے سے نومبر میں صنعتی پیداواری لاگت میں اضافے کا امکان ہے ۔ اوگرا کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق نومبر کے دوران سوئی نادرن گیس کمپنی لمٹیڈ کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت فروخت 10.94 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے اوگرانوٹیفکیشن کے مطابق نومبر میں سوئی سدرن کے لیے درآمدی ایل این جی کی قیمت فروخت 10.93 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقررکی گئی ہے اس سے قبل اکتوبر کے دوران سوئی نادرن کے سسٹم پردرآمدی ایل این جی کی قیمت فروخت 10.72 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر تھی جبکہ سوئی سدرن کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت فروخت 10.71 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقررتھی ایل این جی کی قیمت فروخت میں اضافے سے نومبر کے دوران صنعتوں کی پیدواری لاگت میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی پیداواری لاگت بھی بڑھے گی۔اوگرا کے اعلامیے کے مطابق یہ گیس پی ایس او اورپاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے ذریعے درآمد کی جائے گی، نومبر میں 8 کارگوز درآمد ہوں گے۔