لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضے کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اس ضمن میں وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں کاٹیج انڈسٹریز کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صوبے کی صنعت ترقی کرے گی۔ سرمائے کی کمی کے باعث کاروبار کو وسعت نہ دینے والی صنعتوں کو ان قرضہ سکیموں سے بہت فائدہ ہوگا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کاٹیج انڈسٹریز کے لئے آسان شرائط پر قرض دینے کے پروگرام کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کاٹیج انڈسٹریز کو فروغ دینے کیلئے 3 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ قرضے کی واپسی 3 برس میں ہوگی جبکہ3 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا۔ اسی طرح سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے 6 ارب روپے کی لاگت سے قرضے کی سکیم شروع کی جائے گی جس کے تحت 30 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا اور 6 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا۔ لون مارک اپ سپورٹ پروگرام کے تحت موجودہ ایس ایم ایز کو بھی آسان شرائط پر قرض ملے گا اور اس سکیم کیلئے 3 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی خصوصاً سبزیوں کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اورکہا ہے کہ ماڈل بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس پر سبزیاں سرکاری نرخ پر دستیاب ہوں گی۔ انہوںنے کہا کہ صوبے میں ماڈل بازاروں کے دائرہ کار کو تحصیل کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرز پر صوبائی پرائس کنٹرول اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی زندگی کو سسکتے آج 100 واں روز ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 100 دن سے جاری کرفیو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور درندگی کی بدترین مثال ہے۔ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان اور راجن پورمیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعات کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی (انٹرنل اکائونٹیبلٹی برانچ) اظہر حمید کھوکھر کو واقعات کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر تحقیقات کرکے 3 روز میں وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کریں گے۔ عثمان بزدار نے خلق خداکے ساتھ صلہ رحمی و حسن سلوک کی ضرورت و اہمیت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن منانے کا مقصد خلق خدا کی بھلائی کی سرگرمیوں کے بارے میں شعور کو عام کرناہے۔ دکھی انسانیت سے محبت، صلہ رحمی و حسن سلوک انسانیت کی اعلیٰ اقدار اور دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔ دکھی انسانیت سے صلہ رحمی و حسن سلوک سے پیش آنا ہم سب کا مذہبی ، اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کزن نواب ریاض حسین قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کاٹیج انڈسٹریز کے فروغ کیلئے 30کروڑ مختص ، آسان قرضوں سے صنعت ترقی کریگی: عثمان بزدار
Nov 13, 2019