فضل الرحمن کو اتنا پیار دے رہے ہیں ، وزیراعظم کا استعفیٰ بھول جائیں : وزیرداخلہ

ننکانہ صاحب( نامہ نگار +آئی این پی‘این این آئی ) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ مولانا صاحب بادشاہ ہیں، ملک میں جہاں چاہیں دھرنا دیں، حکومت نے ان کو آرام سے رکھا ہواہے، کہیں اور دھرنا دیں گے وہاں بھی آرام سے رکھیں گے، نواز شریف کے لیے بورڈ فیصلہ کرے گا، اگر مریم نواز بیمار ہوجائیں گی تو انہیں بھی باہر جانے کی اجازت مل جائے گی۔ وہ ٹھیک ٹھاک ہیں ۔ننکانہ صاحب میں تقریب سے خطاب کرتے وزیر داخلہ نے کہا مولانا فضل الرحمان جلد جانے والے نہیں۔ ہم نے انہیں پانی ‘بجلی اور طبی امداد بھی دی ہے۔ ہم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتنا اچھا سلوک کررہے ہیں کہ یہاں ان کا دل لگ گیا ہے۔ انہیں اتنا پیار دے رہے ہیں کہ وہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ بھول جائیں گے۔ ہم مولانا فضل الرحمان کو بٹھائے رکھیں گے۔ حکومت یہ پانچ سال اور اگلے پانچ سال بھی پورے کرے گی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا عمران خان اس قسم کے آدمی نہیں کہ کسی کو ڈیل یا ڈھیل دیں۔ نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک علاج کی اجازت دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت تشویش ناک ہے، پاکستان میں ان کا علاج ممکن نہیں۔ سارے وزرا کی یہی رائے ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہئے۔ نواز شریف کہیں تو ڈیل کی جا رہی ہے نہ ڈھیل دی جائیگی وہ علاج کے بعد وطن واپس ضرور آئیں گے۔ ان کے والدہ‘ بیوی اور بھائی کی قبریں پاکستان میں ہیں۔ اس لئے وہ ملک نہیں چھوڑ سکتے۔ مریم نواز کے حوالے سے اعجاز شاہ نے کہا کہ مجھے تو نہیں پتہ کہ مریم نواز بیمار ہیں۔ اللہ انہیں صحت دے وہ ٹھیک ہیں، اگر مریم نواز بیمار ہوجائیں گی تو انہیں بھی باہر جانے کی اجازت مل جائے گی۔سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات کے آخری روز گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مرکزی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا بابا گورونانک ہمارا ہے اور بابا جی کے گوردواروں کی سیوا کرنا ہمارا فرض ہے۔ موجودہ حکومت سکھوں کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہے لیکن بھارتی حکومت کی پابندیوں کی وجہ سے ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سردار مہندر سنگھ نے کہا کہ 72 سال کی ارداس کے بعد کرتار پور کا راستہ کھول کر اور بابا گورونانک یونیورسٹی کا قیام عمل میں لا کر دنیا بھر کے سکھوں کے دل جیت لئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن