ٹورمیچ : آسٹریلوی اے ٹیم 122پر ڈھیر ، پاکستان کی مجموعی برتری 313رنز

Nov 13, 2019

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا اے کیخلاف ٹور میچ میں پاکستان نے گرفت مضبوط کرلی۔ قومی ٹیم پہلی اننگزمیں 428رنز پر آئوٹ ‘جواب میں میزبان ٹیم 122 پر ڈھیر ہو گئی ۔ گرین شرٹس نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے سات رنز بناکر مجموعی طور پر 313رنز کی برتری حاصل کرلی ۔ دوسرے روز قومی ٹیم نے جب اننگز کا آغاز کیا توبابر اعظم 157‘اسد شفیق119 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد اور محمد رضوان 6.6 رنز بنا سکے۔ یاسر شاہ نے 53 ‘شاہین شاہ آفریدی نے 25 رنز بنائے۔عمران خان ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ والدہ کے انتقال کے باعث وطن واپس آنے والے نسیم شاہ کی جگہ کوئی بیٹسمین باری نہ لے سکا، قومی ٹیم کھیل کے دوسرے دن 428 رنزبنا سکی۔ رچرڈسن3، نیسر، میری ڈتھ نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا اے کی پہلی اننگزمیں کوئی بھی بیٹسمین ٹک کر بیٹنگ نہ کر سکا۔ ہیرس اور برنز نے اننگز کا آغاز کیا، عمران خان نے پہلے ہی اوور میں برنز کو صفر پر بولڈ کر دیا، دوسرے اینڈ پر موجود ہیرس شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بن گئے، وہ 16 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔عثمان خواجہ کی اننگز 6 رنز تک محدود رہی، سپنر افتخار احمد نے وکٹ حاصل کی، ٹریوس ہیڈ بھی تیرہ رنز بناکر افتخار احمد کا نشانہ بنے۔ ول فوکسیکی 5 رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے۔وکٹ کیپر بیٹسمین کیری صفر پر عمران خان سینئر کی گیند پر بولڈ ہو گئے، نیسر کی اننگز دو رنز تک محدود رہی، انہیں بھی فاسٹ باولر عمران خان نے ٹھکانے لگایا، رچرڈسن صفر، ایبٹ2 رنز بنا کر لیگ سپنر یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے۔بین کرافٹ 49 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر عابد علی کو کیچ دیدیا۔ کینگروز ٹیم 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی‘سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ عمران خان نے 5 شکار کیے، افتخار احمد اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں 2.2 جبکہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ ریگولر وکٹ کیپر محمد رضوان کے زخمی ہونے پر ان کی جگہ اوپنر عابد علی نے وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیئے۔پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے سات رنز بناکر مجموعی طور پر 313رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ تمام وکٹیں باقی ہیں ۔ شان مسعود چار جبکہ کپتان اظہر علی ان رن پر کھیل رہے ہیں ۔

مزیدخبریں