لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں پندرہ روز کی توسیع کردی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کو اٹھائیس نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ بدھ کو غیر قانونی اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو احتساب عدالت کے ایڈمن جج امیر محمد خان کے رو برو پیش کیا گیا۔ حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز عدالت پیش ہوئے۔ جج امیر محمد خان نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کیخلاف ریفرنس کب دائر کیا جائے گا؟؟۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان سے تحقیقات چل رہی ہیں جیسے ہی مکمل ہوں گی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ عدالت نے نیب کے جواب پر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں پندرہ روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے ملزم کو دوبارہ 28 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب کمرہ عدالت میں داخلے سے روکنے پر پولیس اہلکاروں اور وکلا کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ نون لیگی وکلا کی جانب سے صحافیوں کیساتھ بھی ناروا سلوک روا رکھا گیا۔