سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل کے درمیان اس ماہ کے اوائل میں الریاض میں طے شدہ سمجھوتے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے یمن میں جاری بحران کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کے روز الریاض میں ہوا۔اس میں الریاض سمجھوتے سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ یمن کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مدد وحمایت جاری رکھے گا اور وہ دوسرے ممالک کو بھی یمن میں مداخلت سے روکے گا تاکہ وہ اس کے ذریعے پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار نہ کرسکیں۔سعودی عرب کے وزیر برائے میڈیا ترکی الشبانہ نے کہا کہ کابینہ نے الریاض سمجھوتے کو سراہنے والے تمام ممالک سے اظہار تشکر کیا ہے اور یمن کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کو یقینی بنانے کے لیے کوشوں کو سراہا ہے۔