اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اومنی گروپ کے خلاف جعلی کاشتکاروں کے ذریعے گنے کی سبسڈی میں خورد برد کے ریفرنس میں اومنی گروپ کی مناہل مجید، علی کمال، نمر مجید اور صائمہ علی کو اشتہاری قرار دے دیا۔احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے چاروں ملزمان مناہل مجید، علی کمال، نمر مجید، صائمہ علی کے شناختی کارڈ بلاک کرنے اور ان کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دے دیا۔قومی احتساب بیورو (نیب)کے تفتیشی افسر وقار احمد نے اشتہاری قرار دینے سے متعلق عمل درآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی۔احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ کیا ان ملزمان کی پاکستان میں موجودگی کا معلوم نہیں ہو سکا ہے؟نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 2ملزمان پاکستان میں جبکہ 2بیرونِ ملک روپوش ہیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اومنی گروپ کے خلاف سبسڈی میں خورد برد کیس کی سماعت 2دسمبر تک ملتوی کر دی۔