اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے سابق ایم ڈی پی ایس او امجد پرویزکو عدالتی نوٹس کی تعمیل کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دے دی۔ چیف جسٹس گلزا ر احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی دوران سماعت چیف جسٹس گلزا ر احمد نے استفسار کیاکہ کیا سابق ایم ڈی پی ایس او امجد پرویز عدالت میں موجود ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتا یا کہ انکا ایڈریس تبدیل ہوچکا ہے جس کے باعث انہیں عدالتی نوٹس نہیں پہنچ سکا۔ چیف جسٹس نے کہا یہ کیا بات ہوئی گزشتہ سماعت پر بھی عدالت کو یہی بتایا گیا تھا۔ آج ہم اس کیس کو ملتوی نہیں کرینگے۔ ایک ہفتے کے اندر سیکریٹر ی وزارت پٹرولیم خود عدالتی نوٹس لیکر امجد پرویز سے تعمیل کرائیں۔ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ وقت ایک ہفتے کے بجائے دو ہفتے کر دیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا ایک ہفتے سے زیادہ وقت نہیں دینگے۔ سیکرٹری پٹرولیم عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ جس کے بعد عدالت نے مزید سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔ سابقہ ایم ڈی پی ایس او امجد پرویز وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر 9 لاکھ کے بجائے 18 لاکھ تنخواہیں لیتے رہے۔ امجد پرویز جنجوعہ 2013 سے 2015 تک بطور ایکٹنگ ایم ڈی پی ایس او کام کرتے رہے ہیں۔