لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت خصوصی اجلاس جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی‘ کرونا کی دوسری لہر کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے مریضوں کی تعداد اور شرح اموات میں اضافے پر تشویش کا اظہارکیا اور صوبے کی سیاسی و عسکری قیادت نے کرونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں کرونا کے حوالے سے مستقبل کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر پیشگی ضروری پلاننگ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں ماسک کی پابندی پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں عوام کی آگاہی کیلئے بھرپور مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ موسم سرما سے قبل تمام ضروری انتظامات اور حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ بیرون ملک خصوصاً بھارت سے آنے والے افراد کو قرنطینہ میں رکھنے اور صوبے میں سیاسی، سماجی، ثقافتی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی۔ اسی طرح کھلے مقامات پر شادی بیاہ کیلئے مہمانوں کی تعداد محدود کرنے کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات قبل از وقت کرنے اور پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب کے بعض ہسپتالوں کو کرونا کیلئے مختص کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ کورکمانڈ لاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی جانب سے پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کرونا ایک قومی چیلنج ہے، سول حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور مشترکہ مربوط کاوشوں کے ساتھ کرونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ کہا کہ کرونا سے نمٹنے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ زمینی صورتحال کا جائزہ لے کرعوام کی زندگیاں محفوظ کرنے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔ عوام کو موجودہ حالات میں ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا۔ جتنی احتیاط کریں گے شہری اتنا ہی محفوظ رہیں گے۔ ٹیکنیکل ٹیم تمام سفارشات کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے گی اور فیصلے کرکے ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے پہلے سے زیادہ محنت سے کام کریں گے۔ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کرونا وباء سے نمٹنے کیلئے بھرپور تعاون پرعسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں صوبے میں کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طبی ماہرین نے وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنڈی بھٹیاں کے قریب ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔