اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور کنٹرول لائن اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ آرمی چیف نے کشمیر کاز اور کشمیری عوام کیلئے فوج کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ پاکستان میں متعین افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل نے بھی چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی خدمات سے پاک افغان تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کو فائدہ پہنچے گا۔ دوران ملاقات علاقائی سلامتی کی صورتحال، افغانستان امن عمل، بارڈر مینجمنٹ اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون جیسے موضوعات زیر غور آئے۔ طرفین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان غیر معمولی برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں مزید بہتر بنانے کا عزم کیا گیا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین بل اینڈ ملینڈا گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بل گیٹس نے پاکستان کے کرونا سے نمٹنے کے اقدامات‘ انسداد پولیو مہم میں پاک فوج کے تعاون کو سراہا اور مقامی عمائدین اور بااثر شخصیات کے ذریعے پولیو مہم مؤثر بنانے کے اقدامات کی تعریف کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی فریضہ اور قومی کوشش ہے۔ پولیو مہم کو تب کامیاب سمجھیں گے جب پاکستان میں کوئی بچہ اس سے متاثر نہیں ہوگا۔